• news

غربت‘ عدم مساوات بڑے چیلنجز ہیں‘ علاقائی تعاون کیلئے سارک کو کردار ادا کرنا ہو گا: ملیحہ لودھی

نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ علاقائی خود مختاری اور رابطوں کا فروغ پاکستان کی اولین ترجیحات ہیں، خطے کے وسیع تر مفاد میں پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، وہ جمعرات کو نیویارک میں ایشیاء پیسیفک کیلئے کمشن کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا اقتصادی اور سماجی کمشن خطے میں علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے قائم ہے۔ مواقع کے باوجود غربت اور عدم مساوات ایشیا کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی تعاون کیلئے سارک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اقتصادی تعاون تنظیم رکن ملکوں کی توانائیاں بروئے کار لانے میں ناکام رہی ہے۔ علاقائی ترقی کیلئے ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اقدامات پر عملدرآمد نہیں ہوا، علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل المدت ترقیاتی حکمت عملی کے سات ستونوں پر عمل پیرا ہے، علاقائی خود مختاری اور رابطوں کا فروغ پاکستان کی اولین ترجیحات ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ خطے کے وسیع تر مفاد میں پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ علاقائی روابط جدید ٹرانسپورٹ پاکستان کے وژن 2025کا حصہ ہیں، علاقائی روابط کی جانب پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے عزم کی مثال ہے، پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی ایشیاء میں خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن