مقبوضہ کشمیر: سانحہ ہنڈ واڑہ کیخلاف مکمل ہڑتال‘ کرفیو کے باوجود مظاہرے‘ انٹرنیٹ سروس معطل
سرینگر (اے این این+ نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال، زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے، متعدد علاقوں میں کرفیو جاری رہا۔ کپواڑہ بارہ مولا، بانڈی پورہ اور جنوبی کشمیر کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی جبکہ ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند رہی، مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی بھاری نفری بھی تعینات رہی، بھارتی میڈیا کے مطابق شہریوں کو گھروں تک محدود کر دیا گیا، کپواڑہ اورہندواڑہ میں فورسز کے ہاتھوں4 بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر حریت رہنمائوں علی گیلانی اور یٰسین ملک نے آج( جمعہ کو) احتجاجی مظاہروں اور شٹرڈائون ہڑتال کی کال دے دی ہے دونوں لیڈروں سمیت حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کی نماز کے بعد احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ علی گیلانی نے آئمہ مساجد اور خطیبوں سے اپیل کی وہ نماز جمعہ کے موقع پر لوگوں سے یہ عہد لیں کہ فورسز کے ہاتھوں بہائے جارہے خون کے ساتھ کسی قسم کی سودابازی نہیں کی جائے گی اور صبح آزادی تک جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے گا۔ انہوں نے محبوبہ مفتی کے بیان کہ مجرموں کو سزا دی جائے گی کو محض ایک رسمی بیان قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز سیاستدان اس خون ناحق میں برابر کے شریک ہیں ۔ بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے کہا ہے کہ ہندواڑہ واقعہ افسوسناک ٗ تحقیقات کا عمل جلد از جلد مکمل کرینگے ۔ حریت کانفرنس (گ) نے انجینئرنگ کا لج حضرت بل میں بھارت کا ترنگا مستقل طور نصب کرنے اور کشمیر پولیس کے بجائے سی آر پی ایف تعینات کرنے کے مطالبے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں سے آئے طلبایقینی طور ہمارے محترم مہمان ہیں، البتہ انہیں بھی ریاست جموں کشمیر کی حساسیت کو سمجھنے اور کشمیری عوام کے جذبات اور امنگوں کا احترام کرلینا چاہیے۔ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے این آئی ٹی حضرت بل میں پیش آئے واقعے کو ناخوشگوار قراد دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کشمیریوں نے نہ کبھی جے ماتا کا نعرہ لگایا ہے اور نہ ہی مستقبل میں اس پر عمل کرینگے ، حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے ہندواڑہ میں شہید 4کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان پوری قوم کا اثاثہ ہیں ٗ آنے والے دور میں بھارتی نسلیں باعث عبرت بنیں گی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس ’’ع‘‘گروپ کے چیئرمین میرواعظ نے واقعہ کو سرکاری دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ قرار دیا ہے۔