• news

داعش کو پاکستان سے بدلہ لینے کی دعوت مولانا عبدالعزیز‘ ان کی اہلیہ اور طالبات کیخلاف مقدمہ کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد(آئی این پی) لال مسجد آپریشن اور اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر داعش کو پاکستان سے بدلہ لینے کی دعوت دینے پر مولانا عبدالعزیز انکی اہلیہ اور جامعہ حفصہ کی طالبات کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ محمد جبران ناصر نامی شہری نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ جامعہ حفصہ کی طالبات کی جانب سے جاری ویڈیو میں داعش کو لال مسجد آپریشن، اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر پاکستان سے بدلہ لینے کی دعوت دی گئی، مولانا عبدالعزیز نے ایک دوسری جامعہ حفصہ کی طالبات کی جانب سے جاری ویڈیو کی حمایت بھی کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سراسر پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہے۔ درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو مولانا عبدالعزیز، ان کی اہلیہ ام حسان اور جامعہ حفصہ کی طالبات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن