• news

او آئی سی اجلاس میں مسئلہ کشمیر، فلسطین حل کرنیکا عزم خوش آئند ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس میں کشمیر، فلسطین، شام و دیگر مسلم ملکوں کے مسائل حل کرنے کا عزم خوش آئند ہے۔ یہ باتیں صرف مشترکہ اعلامیہ تک محدود نہیں بلکہ حقیقت بننی چاہئیں، مسلم ملکوں کے سربراہان قرآن پاک کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دیں اور کفار سے امیدیں وابستہ کرنا چھوڑ دیں، مسلم ممالک باہم متحد ہوں اور مشترکہ دفاعی نظام تشکیل دیں، ڈالر اور پائونڈکی غلامی سے نکل کر اپنی کرنسی تشکیل دی جائے اور مشترکہ منڈیاں بنا کر باہمی تجارت کو فروغ دیا جائے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب بیرونی قوتوں کا خاص طور پر ہدف ہیں، مسلمان ملکوں میں انتشار پیدا اور دہشت گردی پروان چڑھانے کی سازشیں کی جارہی ہیں، مسلمان اپنے عقیدے و اعمال درست اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کریں۔ کشمیر، فلسطین، شام سمیت تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کا ان کے ملکوں میں قتل کر رہی ہیں۔ انکے وسائل پر قبضے کئے جارہے ہیں۔ انہیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے اوراقوام متحدہ میں مسلمانوں کے جو حقوق تسلیم کئے گئے ہیں انہیں بھی غصب کیا جا رہا ہے۔ خوشی اس بات کی ہے کہ او آئی سی کے اجلاس میں کشمیریوں پر مظالم کو اجاگر کیا گیا اور انہیں حقوق دلانے کی بات کی گئی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس حوالے سے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام کی پالیسی یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کو انکے ملکوں میں الجھا کر رکھیں۔کشمیر، فلسطین، شام اور عراق سمیت ہر جگہ مسلمانوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ یہ ظلم کس کی شہ پر ہو رہا ہے؟ امریکہ درپردہ روس کا ساتھی بنا ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن