• news

پیپلز پارٹی کی تنظیمیں زرداری کی ہدایت پر توڑی گئیں

لاہور (فرخ سعید خواجہ) شہید بے نظیر بھٹو کے دنیا سے پردہ کر جانے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل زوال پذیر ہے اور اب عالم یہ ہے کہ پارٹی کی ویب سائٹ پر منشور موجود ہے اور نہ عہدیداروں کا ڈھانچہ البتہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی ویب سائٹ پر پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کی فہرست موجود ہے جس کے مطابق صدر زرداری، 3 نائب صدر میر باز خان کھیتران، خانزادہ خان اور شہربانو شیری رحمن، سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف، 2 ڈپٹی سیکرٹری جنرل حیدر زمان قریشی اور نفیسہ شاہ، سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی اور سیکرٹری فنانس رخسانہ بنگش ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بدھ 13 اپریل کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی کورکمیٹی کے چیئرمین بلاول کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد پارٹی کے ایک سینئر لیڈر قمر زمان کائرہ کا اعلان سامنے آیا تھا کہ پارٹی کی تنظیم نو کیلئے پارٹی کی صوبائی اور ضلعی سطح کی تنظیمیں توڑ دی گئی ہیں تاہم تنظیم نو کون کریگا، کب تک کی جائیگی، پارٹی کے صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کا چنائو کس طرح ہو گا؟ اس حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں لائی گئی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول کے علاوہ کون کون مرکزی عہدیداروں ہیں اس بارے میں کوئی تفصیل سامنے لائی گئی ہے۔ پارٹی کے ماضی کے چند اہم افراد سے نوائے وقت نے گفتگو کی تو ان میں سے بیشتر نے اپنا نام ظاہر نہ کئے جانے کی شرط پر بتایا کہ تنظیمیں زرداری کی ہدایت پرکور کمیٹی نے توڑی ہیں اور جلد صوبائی سطح پر پانچ پانچ رکنی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو کہ گراس روٹ تک پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کرکے تنظیم نو کے سلسلے میں سفارشات تیار کرینگی جنہیں آصف علی زرداری کو پیش کیا جائیگا، اسکے بعد پیپلز پارٹی کے نئے عہدیداران کا ڈھانچہ سامنے آئیگا۔

ای پیپر-دی نیشن