ماریشس کی پہلی خاتون صدر کل 4 روزہ دورے پر پاکستان آئینگی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ماریشس کی پہلی خاتون صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس غریب فہیم کل 17 اپریل سے 20 اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔ انہیں اس دورے کی دعوت صدر ممنون حسین نے دی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان کے ہمراہ ایک 9 رکنی اعلی سطحی وفد بھی ہو گا۔ صدر ممنون حسین اور مہمان صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاوہ علاقائی و بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال، وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی ماریشس کی صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔ مہمان صدر کراچی بھی جائیں گی جہاں گورنر سندھ، چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ایف پی سی سی آئی کے نمائندے ان سے ملاقاتیں کریں گے۔