وفاقی محتسب سلمان فاروقی کے تین سالہ دور میں 2 لاکھ 27 ہزار شکایات کا فیصلہ ہوا
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی محتسب سلمان فاروقی کے تین سالہ دور میں 2 لاکھ 27 ہزار شکایات کا فیصلہ کیا گیا، اب وفاقی محتسب کے افسران ایک پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ملک کے 36 اضلاع میں جا کر لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کر رہے ہیں اور ہر شکایت کا فیصلہ 15 روز میں کیا جا رہا ہے، ان فیصلوں کے خلاف اپیل کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ وفاقی محتسب کی سالانہ رپورٹ 2015ء کے مطابق 2013ء میں موجودہ وفاقی محتسب نے چارج سنبھالا تو تقریباً 75 ہزار شکایات زیر التواء تھیں۔ وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے سب سے پہلے وفاقی محتسب کے قوانین میں اصلاحات تجویز کیں اور پارلیمنٹ نے ایک نیا قانون منظور کیا جس میں وفاقی محتسب کو ہر شکایت کا فیصلہ 60 دن کے اندر کرنے کا پابند کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2015ء میں شکایات کو مزید تیزی سے نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہر شکایت کا فیصلہ صرف 45 دن میں کیا جانے لگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے ملک کے 36 اضلاع میں عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لئے سوئفٹ کمپلینٹ ریزولیشن (ایس سی آر) کے نام سے ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے تحت ہر شکایت کا فیصلہ صرف 15 دن میں کیا جا رہا ہے۔ حکومت سے منظوری حاصل کرنے کے بعد اسے ملک کے 138 اضلاع اور 435 تحصیلوں تک توسیع دے دی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تین سالہ دور میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 27 ہزار شکایات کا فیصلہ کیا گیا اور یہ تعداد وفاقی محتسب کے پہلے 15 سالوں 1983ء تا 1998ء یا آخری 14 سالوں 1998ء تا 2012ء کے دوران کئے گئے مجموعی فیصلوں سے بھی زیادہ ہے اور یہ دنیا بھر کے محتسب کے اداروں میں ایک ریکارڈ ہے۔