• news

’’را‘‘ سے تعلق رکھنے والے ہمارے فلسفے کی راہ میں رکاوٹ ہیں: مصطفی کمال

میرپور خاص (نوائے وقت رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم رہنمائوں کے را سے پیسے لینے کے شواہد آ گئے ہیں۔ را سے تعلق رکھنے والے افراد ہمارے فلسفے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ اگر شواہد سچ ہیں تو کارروائی کرنا ضروری ہے۔ میرپور خاص کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں، ہم بھائی کو بھائی سے ملانے کی بات کر رہے ہیں۔ میرپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ بنانے سے روکنے کیلئے نکلے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے بیرون ملک ’’را‘‘ کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اگر یہ شواہد سچ ہیںتو کارروائی کرنا ضروری ہے۔ اب تو برطانوی سفارتکار نے بھی کہہ دیا ہے کہ ایم کیو ایم نے را سے پیسے لئے۔ ریاست کو کہنا چاہتے ہیں کہ اگر ان باتوں میں 3 فیصد بھی صداقت ہے تو تنظیم پر پابندی لگائی جائے۔ اگر الزامات میں صداقت نہیں ہے تو ہمیں گرفتار کیا جائے اور ہم پر پابندی لگائی جائے۔ ہم عوام کو ٹارگٹ کلر اور را کا ایجنٹ بنانے سے بچانے کیلئے نکلے ہیں۔ نوجوان نسل کو ورغلایا جا رہا ہے۔ ریاست کی رکھوالی کا حلف لینے والوں کو ملک بچانا چاہئے۔ را حکام سے ملاقاتوں کے مقامات بھی سامنے آ گئے ہیں۔ ریاست کہہ دے الزامات غلط ہیں ہم بولنا بند کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن