انتخابات 2016ء کو آزاد کشمیر الیکشن کمشن نے عبوری حلقہ بندیاں جاری کر دیں
مظفرآباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ عام انتخابات 2016ء کے لئے آزادکشمیر کے 29حلقہ جات اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے12حلقہ جات کے لئے عبوری حلقہ بندیاں جاری کر دی ہیں جن پر مورخہ25-04-2016تک اعتراضات اور تجاویز سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کے پاس داخل کروائی جا سکتی ہیں۔اس سلسلہ میں موصولہ اعتراضات اورتجاویز پر سماعت چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر کے آفس واقع مظفرآبادمیں ہوگی۔مظفرآباد ڈویژن کی عبوری حلقہ بندی کے خلاف اعتراضات اور تجاویز پر سماعت مورخہ 27-04-2016کو ہوگی۔میرپور ڈویژن کی عبوری حلقہ بندی کے خلاف اعتراضات اور تجاویز پر سماعت مورخہ28-04-2016کو ہوگی۔راولاکوٹ ڈویژن کی عبوری حلقہ بندی کے خلاف اعتراضات اور تجاویز پر سماعت مورخہ29-04-2016کو ہوگی۔جبکہ "کشمیر ویلی" اور"جموں ودیگر" کی حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات اور تجاویز پر سماعت مورخہ30-04-2016کو ہوگی۔آزاد جموں وکشمیر کے عوام الناس اور پاکستان میں مقیم مہاجرین سے اپیل ہے کہ وہ مورخہ25-04-2016تک اپنے اعتراضات اور تجاویزسیکرٹری الیکشن کمیشن کے دفتر واقع بلا ک نمبر 6(گرائونڈ فلور)نیو سیکرٹریٹ کمپلیکس چھتر مظفرآباد میں جمع کروائیں۔