• news

لاہور : لڑکی ہوٹل کی چھٹی منزل سے پراسرار طور پر گر کر ہلاک

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں 16 سالہ لڑکی مقامی ہوٹل کی چھٹی منزل سے پراسرار طور پر گر کر ہلاک ہو گئی۔ لڑکی کے گرنے کی وجوہات جاننے کےلئے پولیس نے تحقیقات کرنا چاہی تو والدین نے کارروائی سے انکار کر دیا۔ لڑکی کے والد کی جانب سے پولیس کو دئیے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیٹی پاﺅں پھسلنے کے باعث چھت سے گر گئی۔ واقعہ حادثہ ہے، کوئی کارروائی نہیں کرانا چاہتے جس پر پولیس نے نعش بغیر پوسٹمارٹم کے اہل خانہ کے حوالے کردی جو تدفین کےلئے آبائی علاقہ ڈیرہ غازیخان لے گئے۔ افسوسناک واقعہ پرلڑکی کے والدین دھاڑیں مار کر روتے رہے اور غم سے نڈھال ہو گئے۔ سکیورٹی گارڈز کی جانب سے پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہاگیا ہے لڑکی چھت کی بیرونی دیوار پر بیٹھی تھی، اسے پیچھے ہٹنے کی آوازیں دیں وہ کچھ دیر بیٹھی رہی، پھر اچانک نیچے آ گری۔ پولیس کے مطابق لڑکی کے چھٹی منزل پر پہنچنے اور چھت کی بیرونی دیوار پر بیٹھنے کا معاملہ مشکوک ہے، ہوسکتا ہے لڑکی نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی ہو۔ اہلخانہ کی جانب سے کارروائی سے انکار کی وجہ سے مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے تفتیش کی گئی ہے۔ معلوم ہواہے کہ ڈیرہ غازیخان کے رہائشی ڈاکٹر طارق اور انکی بیگم ڈاکٹر ثمینہ اپنی 2 بیٹیوں 16 سالہ لاریب اور 10 سالہ خدیجہ کے ہمراہ ادویات بنانے والی کمپنی کی دعوت پر لاہور سیر کےلئے آئے اور قلعہ گجر سنگھ کے مقامی ہوٹل میں رہائش پذیر تھے۔ ڈاکٹر طارق فیملی کے ہمراہ ہوٹل کی چوتھی منزل پر رہائش پذیر تھے۔ گذشتہ روز 16 سالہ لاریب پراسرار طور پر ہوٹل کی چھٹی منزل سے نیچے گر گئی جسے فوری طور پر گنگا رام ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے لی اور پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ کیا جبکہ لڑکی کے والدین نے کارروائی سے انکار کرتے ہوئے پولیس کو پوسٹمارٹم سے روکدیا۔ لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان میں کہا ہے 16سالہ لاریب اور 10سالہ خدیجہ ہوٹل کی چھت پر کھیل رہی تھیں کہ اسی دوران پاﺅں پھسلنے سے لاریب چھت سے نیچے گر گئی۔
لڑکی/ پراسرار ہلاکت

ای پیپر-دی نیشن