پانامہ کے وزیر کا اسحاق ڈار سے ملاقات کا دعویٰ، وزارت خزانہ ‘دفتر خارجہ کی تردید
پانامہ سٹی/ واشنگٹن/ اسلام آباد (آئی این پی+ اے این این) پانامہ کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ان سے ملاقات کرکے پانامہ پیپرز پر تبادلہ خیال کیا اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش ظاہر کی جبکہ وزرات خزانہ کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرخزانہ کا پانامہ کی وزرات خزانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ امریکی ٹی وی ”سی این این“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پانامہ کے نائب وزیرخزانہ آئیون زرک نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انکی پاکستانی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ اس حوالے سے ریاستوں کو ازخود معلومات فراہم کردے گی۔ وزارت خزانہ نے پانامہ لیکس کے تناظر میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پانامہ کے حکام سے ملاقات کی تردید کر دی۔ وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاناما کاپاناماکے کسی عہدے دارسے کوئی رابطہ نہیں ہوا پانامہ لیکس کے تناظر میں میڈیا پر آنے والی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں۔دفتر خارجہ نے پاکستانی اور پانامہ حکام کے درمیان ملاقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے گلوبل کنیکٹ انیشی ایٹو اجلاس میں دونوں مندوب اتفاقیہ طور پر بیٹھے تھے۔ پانامہ کے نائب وزیر مالیات اور اسحاق ڈار کی ملاقات کی خبریں بھی بے بنیاد ہیں۔