حج پالیسی 2016ءکا اعلان‘درخواستیں 26 اپریل تک وصول کی جائیں گی
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج پالیسی 2016ءکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال ا یک لاکھ 43 ہزار 268 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ سرکاری سکیم کے تحت 86 ہزار 21 اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 57 ہزار 347 حجاج کرام حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں 18 سے 26 اپریل تک وصول کی جا ئیں گی۔ قرعہ اندازی 29 اپریل کو ہوگی۔ تمام حجاج کرام کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی جمع کرانا ہوگا۔ حج پالیسی2016 ءکا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں 18 سے 26 اپریل تک وصول کی جائیں گی۔ حج درخواستیں 8 بینکوں کی مخصوص برانچوں میں وصول کی جائیں گی ۔ حرم پاک میں توسیع کے کام کی وجہ سے پاکستان کے حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی برقرار رہے گی ۔ عازمین حج کی ائرپورٹ پر جوس، پھلوں اور سینڈ وچز سے تواضع کی جائیگی۔ قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ حجاج کرام کا سامان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے بک ہوجائے۔ جنوبی ریجن، سندھ اور بلوچستان کیلئے 2 لاکھ 61 ہزار 941 روپے اخراجات ہونگے۔ شمالی ریجن، پنجاب اور خیبر پی کے کیلئے حج اخراجات 2 لاکھ 70 ہزار 941 روپے ہونگے ۔ شمالی زون حج کرایہ 98 ہزار 700 سے کم کرکے 95 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی زون کیلئے حج کرایہ 89 ہزار 700 سے کم کرکے 86 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روایت کے مطابق اس سال بھی کسی کو مفت حج نہیں کرایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں حج کرنے والے اہل تصور نہیں ہونگے۔ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے 500 میٹر کی حدود میں حجاج اکرام کو ٹھہرائیں گے۔ حجاج محافظ سکیم تکافل کی بنیاد پر اس سال بھی جاری رہے گی۔
حج پالیسی