• news

انضمام الحق افغان ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی، پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کل متوقع

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) انضمام الحق نے افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے استعفیٰ دیدیا‘ استعفیٰ افغان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگیا ہے جس کی چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے۔ استعفیٰ میں انہوں نے کہا ہے کہ قومی مفاد کی خاطر میں افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا اس لیے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی چیئرمین نے بھی افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے رابطہ کیا اور ان سے انضمام الحق کے حوالے سے گفتگو کی۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہم افغان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر ہیڈ کوچ فراہم کرسکتے ہیں۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شفیق اللہ ستنکزئی کا کہنا تھا کہ اپنا ملک سب سے پہلے ہونا چاہیے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور اس سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں انضمام الحق کا استعفیٰ بذریعہ ای میل موصول ہوا ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کی خدمات حاصل کرلی ہیں ، 46 سالہ سابق کپتان نئے چیف سلیکٹر ہونگے۔پی سی بی اور انضمام الحق کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، حتمی اعلان آج متوقع ہے۔انضمام الحق کی بحیثیت چیف سلیکٹر پہلی ذمہ داری دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب ہے۔ کرکٹ لیجنڈ دو ہزار بارہ میں قومی ٹیم کے عبوری بیٹنگ کوچ بھی رہے۔ عارضی ہیڈ کوچ کے لیے معین خان مضبوط امیدوار ہیں ، معین خان ماضی میں ہیڈ کوچ ،چیف سلیکٹر اور ٹیم منیجر کے عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ ذرائع نے بتا یا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے متوقع چیف سلیکٹرانضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے نام فائنل کرلیے ہیں۔انضمام الحق نے محمد یوسف اور راشد لطیف سمیت کئی نام فائنل کرلیے ہیں اور وہ سلیکشن کمیٹی کے ارکان پر کوئی بھی سمجھوتہ نہ کرنے پر بضد ہیں جبکہ آج ممبران کے ناموں سے بورڈ کوآگاہ کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ کسی نام پر بڑا اعتراض نہ ہوا تو منظوری دے دیں گے اور آج سلیکشن کمیٹی کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن