انضمام الحق کا نام وزیراعظم ہاؤس سے آیا:ذرائع کا دعویٰ
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان انضمام الحق کو نیاچیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس پر اس عہدے کے مضبوط امیدواروں اقبال قاسم، محسن حسن خان اور راشد لطیف نے تعجب کا اظہار کیا ہے۔انضمام کی بطور چیف سلیکٹر تعیناتی کے یک دم فیصلے سے ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔جلد بازی میں انضمام کی ملاقات پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کے ساتھ کروائی گئی جس میں پی سی بی نے یہ یقین دہانی کروائی کہ وہ انضمام کو سلیکٹرز کے چیئرمین کی حیثیت سے مکمل اختیارات دیئے جائیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی کے سرپرستِ اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سختی سے ہدایات کی گئی تھی کہ ان کی منظوری کے بغیر تقرریاں نہ کی جائیں، پھر انضمام الحق کا نام وزیراعظم ہاؤس سے آیا جس نے اس عہدے کے لیے باقی امیدواروں کی دوڑ کو بے اثر کر دیا۔ ذرائع کے مطابق انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بناتے ہی تبلیغی جماعت کی اہم شخصیت اور لاہور ریجن کے اہم عہدیدار نے بھی کردار ادا کیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کچھ عرصہ قبل پیٹرن انچیف پی سی بی وزیراعظم میاں نواز شریف سے سابق کپتان انضمام الحق کی ملاقات بھی کرائی گئی تھی۔