ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر، سیشن کورٹ نے سی سی پی او، ایس ایچ او سول لائنز سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ہائیکوٹ آفس کا اعتراض دور کر کے دوبارہ ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔ سول سوسائٹی نیٹ ورک کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیا کیا ہے کہ ہائیکوٹ آفس کو درخواست پر اعتراض لگانے کا اختیار نہیں اور درخواست سماعت کیلئے پیش کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیخلاف درخواستیں زیرسماعت ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے زیرسماعت معاملے پر تقاریر کیں جو توہین عدالت کے مترادف ہیں۔ ادھر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال سیال نے شہبازشریف کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے دائر درخواست میں سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔