• news

چھو ٹو گینگ کے خلاف نقصان پنجاب پولیس میں سیاسی بھر تیوں کا نتیجہ ہے نوازشریف کا احتساب ہونا چاہیے:عمران

لندن (آن لائن+ اے این این) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کیخلاف پنجاب پولیس کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، پولیس میں میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے اور پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کے باعث پنجاب پولیس میں پروفیشنل ازم ختم ہوا جس کا نتیجہ راجن پور میں پولیس اہلکاروں کے نقصان میں سامنے آیا۔ ہفتہ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔ پنجاب پولیس میں میرٹ ختم ہونے اور پولیس کو سیاسی استعمال کرنے کی وجہ سے پنجاب پولیس میں پروفیشنل ازم ختم ہوگیا ہے۔ پنجاب حکومت پولیس کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔ پولیس میں پروفیشنل ازم کی کمی کے باعث راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف جاری آپریشن ضرب آہن میں پولیس اہلکاروں کو ہونیوالا نقصان سیاسی بھرتیوں کا نتیجہ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے پولیس میں این ٹی ایس ٹیسٹ کے بعد میرٹ پر سلیکشن ہوتی ہے۔ خیبر پی کے کی پولیس پنجاب پولیس کے مقابلے میں غیرسیاسی اور پروفیشنل ہے ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نوازشریف کا سب سے پہلے احتساب ہونا چاہئے، پھر بے شک میرا بھی احتساب کرلیا جائے۔ کرپٹ سیاستدان پاکستان میں ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ پاکستان میں بڑے بڑے لوگ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر لاتے ہیں اور لاکھوں پائونڈ جوئے میں ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک مرتبہ طاقتور آدمی کو سزا مل گئی تو ملک کی تقدیر بدل جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نوازشریف کا سب سے پہلے احتساب ہونا چاہئے، پھر بے شک میرا بھی احتساب کرلیا جائے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے الیکشن میں بھرپور طریقے سے اتخابی مہم چلائونگا۔ وزیراعظم پاکستان نوازشریف برطانیہ میں ہے اور وہ ڈیوڈ کیمرون کی منتیں کررہا ہے کہ وہ استعفیٰ نہ دیں کیونکہ آئس لینڈ کے وزیراعظم اور سپین کے ایک وزیر کے استعفیٰ دینے کے بعد نوازشریف پر اب پریشر بڑھ رہا ہے کہ وہ مستعفی ہوجائے۔ اگر نوازشریف اور زرداری پانامہ لیکس سکینڈل کو ہضم کرگئے تو پاکستان میں پھر کبھی صحیح نظام نہیں آسکے گا اور پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔

ای پیپر-دی نیشن