اجمل قادری عقیدت مندوں سمیت فضل الرحمان کی جے یو آئی میں شامل نواز شریف کو سال کیلئے اقتدار چھوڑنے کا مشورہ
ملتان (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا محمد اجمل قادری نے اپنے عقیدت مندوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد کے ساتھ مولانا فضل الرحمن کی جماعت جے یو آئی (ف) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ آرگنائزنگ سیٹ اپ میں مولانا سمیع الحق کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمن کا سیاسی انداز بہتر ہے اس لئے عالمی انجمن خدام الدین جس کے بطن سے جے یو آئی نے جنم لیا کی مجلس شوریٰ نے مجھے مشورہ دیا کہ اب فضل الرحمن کے پلڑے میں وزن ڈالنا چاہئے۔ دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا وزیراعظم میاں نواز شریف سیاسی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانامہ لیکس کے گرداب سے نکلنے کیلئے اقتدار سے ایک سال کیلئے الگ ہو جائیں اور اپنی بیگم یا بیٹی میں سے کسی کو عبوری سیٹ میں وزیراعظم مقرر کر دیں تو کوئی حرج نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا ایسے حالات میں میاں نواز شریف کو اگر وہ شیر نہ بنے تو انہیں کسی زردار کے پاس بھی پناہ نہیں ملے گی صرف دینداروں کے دامن میں ہی پناہ ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نیک نامی نہیں کما رہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے وزیراعظم نے اپنی آمدنی اور ٹیکس ریٹرن دنیا کے سامنے رکھ دئیے ہیں تو کیا حرج ہے اگر وزیراعظم میاں نواز شریف بھی پاکستان میں اپنے بیٹوں کے معاملات دنیا کے سامنے رکھ دیں۔