• news

قوم آف شور کمپنیاں بنانے والوں کو پہچان چکی‘ پائی پائی کا حساب دینا پڑیگا: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران جب بھی کسی شکنجے میں پھنستے ہیں خودساختہ کمشن کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔ آج تک کسی کمشن کی طرف سے قوم کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان دولخت ہوا مگر اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا اور نہ سربستہ رازوں سے پردہ اٹھایا گیا جبکہ جماعت اسلامی کے قائدین کو بنگلہ دیش حکومت آج بھی پھانسیوں پر لٹکا رہی ہے، قوم اب کسی مکر و فریب میں نہیں آئیگی، قومی دولت لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کرانے اور ٹیکس بچانے کیلئے آف شور کمپنیاں بنانے والوںکو قوم جان چکی ہے۔ دولت کے پجاریوں کو اب ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑیگا۔ لوئر دیر میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب میں پڑے ہوئے 150میگا سکینڈلز کو صرف اس لئے نہیں کھولا جارہا کہ ان میں اقتدار میں رہنے والی بڑی بڑی شخصیات کے نام شامل ہیں۔ جب بھی نیب یہ فائلیں کھولنے لگتا ہے اندر کے لوگ ان حکمرانوں کو خبردار کر دیتے ہیں اور پھر نیب کو دھمکیاں دیکر فائلیں دوبارہ بند کرا دی جاتی ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ وزیراعظم کے بلاواسطہ وکیل بنے ہوئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا لیکن وہ لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ آئس لینڈ کے وزیراعظم اسی الزام کی وجہ سے مستعفی ہوچکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پر 99ء میں بھی منی لانڈرنگ کا الزام لگا تھا جس کی آج تک تفتیش ہی مکمل نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ان کے لوٹ کھسوٹ کے قصے باہر آنے لگتے ہیں تو یہ جمہوریت کو ’’خطرہ‘‘اور سیاسی انتقام کا واویلا شروع کردیتے ہیں مگر اب قوم جاگ رہی ہے اور لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کرنے پر آمادہ و تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان کی جو تحریک شروع کی وہ کامیاب ہوکر رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن