بیرونی قوتیں سازش کے تحت مسلم ممالک میں انتشار پیدا کررہی ہیں: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت مسلمان ملکوں میں انتشار پیدا کر رہی ہیں۔ تخریب کاری و دہشت گردی کے ذریعہ مسلم معاشروں کو عدم استحکام سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ وکلا نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ انکی طرف سے نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے ملک گیر سطح پر جاری مہم کی حمایت خوش آئند ہے۔ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بنا تھا، اسکا دفاع بھی اسی نظریہ پر عمل سے ممکن ہے۔ نظریہ پاکستان کے دفاع کی تحریک سے ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا ہورہی ہے۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا ضیا عبدالرحمن کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار انس غازی، ڈپٹی سیکرٹری پنچاب بار کونسل محمد اشرف راہی، جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے کوآرڈینیٹر حافظ خالد ولید، حرمت رسول لائرز موومنٹ کے صدر رائو طاہر شکیل، الدعوۃ لائرز فورم کے کنوینئر عبدالحفیظ رانا، محمود احمد چدھڑ، میاں محمد عقیل چودھری، میاں عبدالماجد، شیخ ایوب، عبدالرشید بھٹی، کامران نصیر عباسی، محمد عتیق الرحمن ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 1940ء میں اسلامیان ہند کو اکٹھا کیا‘ نظریہ پاکستان کی قرارداد منظور کی اور قیام پاکستان کی تحریک چلائی، وہ خود بھی وکیل تھے۔ جس طرح انہوں نے پاکستان بنانے میں قائدانہ کردار ادا کیا اب ملک کے استحکام اور بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے وکلا کو آگے بڑھ کر ہراول دستہ کا کردار ادا کرنا چاہئے۔