بھارتی جنگی جنون: فرانس سے 6 کھرب روپے کے رافیل طیارے تین سال میں مل جائینگے
نئی دہلی (رائٹر+ آن لائن) کروڑوں افراد کے غربت کی لکیر سے نیچے غیرانسانی حالات میں رہنے کے باوجود بھارتی جنگی جنون کم نہیں ہورہا۔ اب مودی سرکاری نے فرانس سے 6 کھرب روپے(9 ارب ڈالر) مالیت کے 36 جدید رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ مزید تفصیل کے مطابق بھارت اور فرانس کے درمیان 36 لڑاکا طیاروں کی فروخت کا معاہدہ ایک سال کی بات چیت کے بعد حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فرانس اور بھارت کے درمیان معاہدے پر ایک ماہ میں دستخط متوقع ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھارت کو طیارے دو سے تین سال کی مدت میں مل جائیں گے۔ رائٹر کے مطابق بھارت اور فرانس کے درمیان ان طیاروں کی خریداری کے حوالے سے مذاکرات فائنل ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے سودا جنوری میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر فرانسیسی صدر اولاند کے دورے کے توقع پر طے پایا گیا تھا۔