پنجاب کے مختلف شہروں اور پشاور میں سرچ آپریشن‘ گرفتاریاں، اسلحہ برآمد
فیصل آباد+ پیر محل+ شور کوٹ+ پشاور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں اور پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے اسلحہ اور شراب برآمد کر لی۔ شور کوٹ چھائونی سے نامہ نگار کے مطابق رفیقی ایئر بیس کے مضافات میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور 3 افراد کو گرفتارکیا جبکہ انکے قبضہ سے اسلحہ‘ منشیات‘ شراب اور زیورات برآمد ہوئے۔ ظفر سہو ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق ظفر اقبال کے گھر سے مبینہ طورپر بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ‘ درجنوں گولیاں‘ 6 عدد بوتل شراب‘ ایک لاکھ ستاسی ہزار روپے اور طلائی زیورات برآمد کرتے ہوئے مذکورہ شخص کے گھر سے ایک مشتبہ شخص جس کا نام محمد نواز بتایا جاتا ہے کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز کالونی پولیس نے ریلوے سٹیشن سے ملحقہ ہوٹلوں پر چھاپے مار کر غیرقانونی طورپر رہائش پذیر 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور پولیس نے پانچ ہوٹل منیجرز کو بھی گرفتار کرکے انکے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پیپلز کالونی پولیس نے مشتبہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران ریلوے سٹیشن سے ہوٹل منیجر سلطان امتیاز احمد‘ عمرفاروق‘ توقیر کو مشتبہ افراد کے غیرقانونی طورپر ہوٹل میں ٹھہرانے کے الزام میں پکڑ لیا۔ ضلع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر کے حکم پر شہر کے داخلی و خارجی راستوںپر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ سی پی او فیصل آباد کی ہدایت پر لائل پور ٹائون علی وسیم اور ایس پی مدینہ ٹائون ملک جمیل ظفر کی سربراہی میں سرکل کوتوالی‘ سرکل سول لائن اور سرکل پیپلز کالونی میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ پشاور سے آن لائن کے مطابق پشاور اور چارسدہ میں سرچ آپریشن کے دوران 76 سے زائد افراد گرفتار کر لئے گئے۔ پشاور کے علاقہ پھندو میں کارروائی کی گئی جس دوران متعدد افغان باشندے بھی گرفتار کئے گئے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے بھاری اسلحہ برآمد کرکے ضبط کر لیا گیا ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران28 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، آپریشن اقبال ٹائون، قربان لائن سمیت گرجا گھروں کے اطراف میں کیا گیا۔