پاکستان‘ یمن میں بے رحمانہ امریکی ڈرون حملوں کے دوران ہزاروں عام شہری ہلاک ہوئے: چین
بیجنگ (آئی این پی) چین نے پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کو بنیادی انسانی اقدار کی خلاف ورزی قرار دیدیا،چین نے رواں ہفتے امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے امریکہ نے دیگر ممالک میں شرمنا ک اور ظالمانہ طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں اور شہریوں کے ساتھ کچرے کی طرح کا سلوک کیا،عراق اور شام میں امریکی فضائیہ کے حملوں میں ہزاروں عام شہری ہلاک ہوئے، اسی طرح امریکہ نے پاکستان اور یمن میں بغیر کسی توجہ کے بے رحمانہ حملے کئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے امریکہ کے انسانی حقوق کے ریکارڈ میں کسی قسم کی بہتری دکھائی نہیں دے رہی۔ چینی سٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال امریکہ میں 51 ہزار 675 فائرنگ کے واقعات میں 13 ہزار 136 افراد ہلاک جبکہ 26 ہزار 493 افراد زخمی ہوئے۔ امریکی پولیس نے گزشتہ سال 965 افراد کو ہلاک کیا جبکہ پولیس کی جانب سے طاقت کا بیہمانہ طریقے سے استعمال کیا گیا۔ امریکہ کے جیل خانہ جات کے نظام میں بدعنوانی کا دور دورہ ہے جہاں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ خواتین کے جیل خانہ جات میں قائم سب سے بڑے اصلاحاتی مرکز لوویل کورکشنل انسٹیٹیوٹ میں خواتین اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے جسم فروشی پر مجبور ہیں۔ مزید برآں گزشتہ دو دہائیوں میں امریکہ میں نسلی تعلقات بدترین سطح پر پہنچ چکے ہیں جہاں 61 فیصد امریکی شہریوں نے نسلی تعلقات کو ملک کیلئے بدترین قرار دیا ہے۔