پڑوسیوں کو خطرہ محسوس نہیں کرنا چاہیے‘ اسرائیل اور دہشت گردی کیخلاف مسلم ممالک کا دفاع کرینگے : صدر روحانی
تہران(این این آئی+ اے ایف پی )ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا تاہم یہ اضافہ دفاعی نوعیت کا ہو گا تاکہ مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے، ہماری فوج، سیاسی اور اقتصادی طاقت کسی ہمسایہ ملک یا اسلامی دنیا کے خلاف نہیں۔ جب بغداد دہشت گردوں کے خطرے کا سامنا کر رہا تھا، ایران نے وہاں کے عوام، فوج اور حکومت کی اپیل پر ردعمل ظاہر کیا اور وہاں موجود مقدس مقامات کی حفاظت بھی کی۔ ایرانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں اتوار کے روز بری فوج کے دن کے موقع پر جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی گئی، جس میں روس سے حاصل کردہ میزائل دفاعی نظام ایس 300 بھی شامل تھا۔ جنوبی تہران میں منعقدہ اس فوجی پریڈ میں میزائل نظام ایس 300 کی ٹیوبز اور ریڈار آلات دکھائی دئیے۔ ایران دفاعی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن دھمکیوں کے مقابلے میں دھمکی دیتا اور جارحیت کے بدلے میں جارح کے ہاتھ کاٹ دیتا ہے‘ سازشیں کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی مسلح افواج کی طاقت ایران کے دفاع کے لئے ہے۔ تقریب امام خمینی کے حرم کے قریب منعقد ہوئی۔