سرفراز احمد کا ٹیم میں گروپنگ اور اختلافات کی خبروں سے انکار
لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اہم ایونٹس کے دوران ٹیم میں گروپنگ اور اختلافات جیسی خبریں گرم ہو جاتی ہیں جس سے ٹیم کا مورال متاثر ہوتا ہے لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ تمام کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی بھی ایسا فرد نہیں جو گروپنگ یا سیاست کر سکے۔ سینئر کرکٹرز کے پریکٹس سیشنز سے جان چھڑانے کا تاثر بھی درست نہیں کیونکہ سارے کرکٹرز جان توڑ محنت کرتے ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا کئی مشکلات کا باعث بن رہا ہے جس کا نقصان قومی کرکٹرز اٹھا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی جلد واپسی ناگزیر ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے ابتدائی دو میچز لاہور میں کرانے کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بھی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں مدد ملے گی۔