• news

فیصل آباد: پاکستان کرکٹ کپ کی تیاریاں مکمل، افتتاحی میچ کل ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ کپ کے پہلے ایڈیشن کا آغاز کل منگل سے ہوگا، میگا ایونٹ میں ٹائٹل کے حصول کیلئے چاروں صوبوں اور وفاق پر مشتمل پانچ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کپ کے نام سے ایک اور ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ایونٹ کل منگل سے فیصل آباد میں شروع ہوگا جس میں اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ مصباح الحق اسلام آباد، شعیب ملک پنجاب، سرفراز احمد سندھ، یونس خان خیبرپختونخوا اور اظہر علی بلوچستان کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ ایونٹ میں ہر ٹیم 6 میچ کھیلے گی، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 20 اپریل کو دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، تیسرا میچ 21 اپریل کو سندھ اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جائے گا، 22 اپریل کو چوتھے میچ میں پنجاب اور خیبرپی کے مدمقابل ہوں گی۔ پانچواں میچ 23 اپریل کو سندھ اور اسلام آباد کے مابین ہوگا، 24 اپریل کو چھٹا میچ خیبرپی کے اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جائے گا، 25 اپریل کو پنجاب اور اسلام آباد کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، 27 اپریل کو آٹھواں میچ سندھ اور خیبرپختونخوا کے مابین کھیلا جائے گا، 28 اپریل کو نویں میچ میں بلوچستان اور اسلام آباد جبکہ 29 اپریل کو دسویں اور آخری لیگ میچ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی۔ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل یکم مئی کو ہوگا، تمام میچز اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن