ویسٹ انڈیز ون ڈے میں کمزور‘باہر بیٹھے کھلاڑیوں کو شامل کرنا ہوگا:کرٹلی امبروز
جمیکا (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے بائولنگ کوچ کرٹلی امبروز نے کہا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو صرف جگانے کی ضرورت ہے ۔ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ ہی وقت کی ضرورت ہے ۔اگر قابل کرکٹرز کو سکواڈ میں شامل کیا جائے تو ویسٹ انڈیز دنیا بھرمیں حکمرانی کرسکتی ہے۔کرٹلی امبرو ز نے حال ہی میں قومی ٹیم کے بائولنگ اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت ذمہ داری نبھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین گیارہ کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ان کی فیلڈنگ اور کھیل پر توجہ دی جائے ۔میرے خیال میں ابھی بھی کچھ کرکٹر ز ایسے ہیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیل سکتے ہیں مگر وہ ٹیم سے باہر ہیں ۔ قابل کھلاڑیوں کو آگے لایا جاسکتا ہے۔کرس گیل ‘ڈیرن سیمی‘ ڈیوائن براوو‘آندرے رسل ‘کیرن پولارڈاور سنیل نائرائن نے دنیا بھر میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنا لوہا منوایا ہے ۔جون میں جنوبی افریقہ ‘آسٹریلیا کے ساتھ سہ ملکی سیریز کیلئے ویسٹ انڈین سکواڈ کمزور ہے ۔کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان مسائل کو مل کر حل کرنا چاہئے۔کھلاڑی مسائل سے نکل کر کرکٹ کھیلیں گے تو زیادہ اچھا پرفارم کرینگے ۔بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان اچھے تعلقات ہماری کرکٹ بالکل تبدیل کرکے رکھ دینگے۔