حلال میک اپ کی طلب میں اضافہ پیرس’’کاسمیٹکس ایکسپو‘‘ میں جانوروں کے اجزا سے پاک پروڈکٹس بھی متعارف
پیرس(اے ایف پی) پیرس میں اس ہفتے ہونیوالی کاسمیٹکس ایکسپو میں دنیا کی بڑی کمپنیوں کی بیوٹی اور دیکھ بھال کی پروڈکٹس پیش کی جا رہی ہیں۔ اس نمائش میں حلال میک اپ کی پروڈکٹس بھی رکھی جا رہی ہیں۔ سوئٹزر لینڈ میں کام کرنیوالی ’’ حلال سرٹیفکیشن سروسز‘‘ (ایچ سی ایس) کے سربراہ شیخ علی اچکر بھی نمائش میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا اسلام میں جانوروں کے اجزاء یا الکوحل سے بنی پروڈکٹس حلال نہیں ہیں۔ ان اشیا کو چہرے یا جلد پر بھی استعمال نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ کاسمیکٹس میں حلال پروڈکٹس کی طلب بڑھ رہی ہے۔ بہت سے صارفین یہ نہیں سمجھتے کہ ان پروڈکٹس میں جانوروں کے اجزا ہیں یا نہیں وہ صرف حلال پروڈکٹس دیکھ کر انہیں خرید لیتے ہیں۔ شیخ اچکر نے بتایا وہ کاسمیٹکس انڈسٹری میں پروڈکٹس کے تجزیے کے 1500سے 2000یورو چارجز لیتے ہیں جبکہ دیگر افراد کی جانب سے اس کے چارجز کافی زیادہ لئے جاتے ہیں۔ کچھ سال قبل حلال کاسمیٹکس کی مارکیٹ چھوٹی تھی۔ 2014 میں اس انڈسٹری کا حجم 20ارب تک پہنچ گیا اور2019میں یہ حجم دو گنا ہونے کی توقع ہے۔