مسلم لیگ ن اپنی کرپشن بچانے کیلئے ملک کو تباہ کر رہی ہے: طاہر القادری
لاہور (آئی این پی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کر پشن بچانے کیلئے ملک کو تباہ کر رہی ہے‘ نوازشر یف کو ہر صورت استعفیٰ دینا ہوگا ورنہ قوم انکو خود اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال دے گی۔ عوامی تحر یک کرپشن کیخلاف تحریک میں کسی بھی حد کو جانے کو تیار ہے‘ مسلم لیگ ن کی کرپشن اور لوٹ مار کو مزید برداشت نہیں کیا جا ئیگا۔ اپنے ایک انٹرویو میں طاہر القادری نے کہا ریٹائرڈ جج پر مبنی کمشن دھوکہ اور ڈرامہ ہے، وزیر اعظم فوری استعفیٰ دیں۔ آئس لینڈ کے وزیر اعظم نے غیرت کا مظاہرہ کیا، پاکستانی وزیر اعظم اسکی تقلید کریں اور استعفیٰ دے کر تحقیقات میں شامل ہوں اور چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم کمیٹی ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل کی تحقیقات کرے۔ پانامہ لیکس کے معاملے میں اصل سوال یہ ہے اربوں ڈالر کہاں سے آئے اور کیسے باہر گئے ہیں؟ پہلے نیب کو نوٹس لینا چاہیے تھا جس نے منہ پر ٹیپ لگا رکھی ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، وزیر اعظم کا بیٹا آف شور کمپنیوں کا خود اعتراف کر چکا ہے۔