پاکستانی حکومت کی پالیسیوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: عالمی مالیاتی کمشن
واشنگٹن (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی کمشن نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی سخت اقتصادی پالیسیوں نے ملکی معیشت کوایک اہم دوراہے پر کھڑا کر دیا۔ کمشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ فلپ ہوئیرے نے وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقارمسعود کی قیادت میں پاکستانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کرتے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور ان کے موثر نفاذ سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اپنے ادارے کی جانب سے پاکستان کو بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان میں روپیہ بانڈزکے معاملے پربھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر وقار مسعود نے فلپ ہوئیرے کو پاکستانی معیشت میں بہتری کی صورتحال بارے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میکرو کے شعبے میں بہتری کے باعث عالمی بنک پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی کمشن‘ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اورچائنا ڈویلپمنٹ فنڈکے قیام کیلئے آگے آئیں جس سے ملکی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے آئی ایف سی کے حکام سے کراچی سے لاہور ایل این جی پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس منصوبے کے تحت رواں سال کے آخر تک کراچی سے لاہور تک ایک ایل این جی گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ روس کی مدد سے ایک اور ایل این جی گیس لائن بھی بچھائی جائے گی۔