کئی نجی، سرکاری اداروں کے بھی آف شور اکائونٹس ہیں: صدر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان
کراچی (آن لائن) پانامہ لیکس میں پاکستانی سیاستدانوں کے خفیہ اکاؤنٹس کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد اب سرکاری و نجی اداروں کے بھی آف شور اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے صدر عادل گیلانی نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں کام کرنے والے کئی نجی اور سرکاری اداروں کے آف شور اکاؤنٹس ہیں جس میں کرپشن اور چوری کا پیسہ استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن نے آئر لینڈ میں پی آئی اے انویسٹمنٹ کے نام سے آئرلینڈ میں آف شور اکاؤنٹس بنا رکھا ہے جس کا منافع ادارے کو نہیں بلکہ اس کمپنی میں کام کرنے والے افراد کو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کے الیکٹرک بھی آف شور کمپنی ابراج کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ عادل گیلانی نے کہا کہ آف شور اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دینا ہی غلط ہے، وزیراعظم پاکستان کو چاہئے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے سے پہلے آف شور اکاؤنٹس کھولنے پر پابندی لگائیں اور باہر لے جایا گیا پیسہ واپس لایا جائے۔