• news

پٹیل برادری نے مودی کے گجرات کو پھر ہلا کر رکھ دیا، شہر شہر مظاہرے، ہنگامے

احمد آباد (نیوز ڈیسک + رائٹرز) بھارتی صوبے گجرات میں پٹیل برادری کے ہزاروں نوجوان ملازمتوں اور تعلیمی اداروں کے داخلوں میں کوٹہ دیئے جانے کے جیسے مطالبات لیکر پھر سڑکوں پر آ گئے۔ سورت، راج گڑھ اور مہانیسا سمیت کئی شہروں میں پرتشدد مظاہرے کئے۔ سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور کئی گاڑیاں توڑ ڈالیں، مظاہرین اپنے 22 سالہ مقبول رہنما ہاردک پٹیل کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے جسے مودی سرکار نے جیل میں ڈال رکھا ہے۔ پٹیل برادری نے اپنے مطالبات کے حق میں اب جیل بھرو تحریک شروع کی ہے گجرات پولیس نے ریاست بھر میں کریک ڈائون کرکے پٹیل برادری کے 700 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں 450 محض ساحلی شہر سورت سے پکڑے گئے ہیں حکام نے مہانیسا میں سخت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کرفیو لگا دیا ہے راجکوٹ، سورت اور مہانیسا میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بند کر دی گئی پولیس اور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکار سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ہاردک پٹیل کی تنظیم ’’پیڈار انامت آندولن سمیتی‘‘ نے آج گجرات بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ پٹیل رہنمائوں کے مطابق مختلف شہروں میں پولیس کے وحشیانہ لاٹھی چارج شیلنگ اور تشدد سے 50 سے زائد پٹیل نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق 25 سے زائد افسروں اور اہلکاروں کو پتھرائو سے چوٹیںآئیں۔ حکام کے مطابق مظاہرین نے ریاستی وزیر داخلہ رجنی پٹیل کے دفتر پربھی حملہ کرکے اسے جلا دیا۔ ریاستی دارالحکومت احمد آباد میں بھی پتھرائو اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات ملی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن