• news

نوجوان کی شہادت کیخلاف ہڑتال مظاہرے جاری فورسز کا لاٹھی چارج شیلنگ متعدد زخمی

سرینگر (کے پی آئی) شمالی کشمیر میں شہریوں کی شہادت پر گذشتہ روز مسلسل پانچویں روز بھی حالات کشیدہ رہے، کپواڑہ میں کرفیو اور ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی پورے کپواڑہ ضلع اور سرینگر کے6 پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جاری رہا۔ اس دوران، گوجوارہ، صورہ اور فتح کدل سرینگر، کولگام، بانڈی پورہ، گاندر بل، ترہگام کپوارہ اور اسلام آباد میں پتھرائو کے واقعات پیش آئے اور مشتعل لوگوں نے پولیس کی ایک بیرک کو نذر آتش کیا۔ امن و قانون برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکار تعینات ہیں اور گذشتہ روز مسلسل پانچویں روز بھی کرفیو کی سخت پابندیوں کے باعث بیشتر آبادی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی۔ سرینگر میں کرفیو کے دائرے سے باہر والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور کچھ ایک جگہوں پر پتھرائو کے واقعات بھی پیش آئے۔ فورسز کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سیاستدانوں کو خفیہ ایجنسیوں کی پیداوار اور قومی مجرم قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت نواز سیاستدانوں سے اپنے تمام تر روابط منقطع کرکے صرف اور صرف تحریکِ آزادی کے ساتھ یکسوئی کے ساتھ جڑجائیں اور ہر آنے والے الیکشن کا بائیکاٹ کریں۔ عوام کو فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی کے دور میں معصوموں کی نعشوں کے تحفے ملنے کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ہڑتال کے باعث بانہال بارہ مولہ ریل سروس بند، موبائل انٹر نیٹ سروس منقطع رہی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی (کل) منگل کو مقبوضہ کشمیر کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ ضلع ریاستی کے علاقے کٹرا میں ہسپتال کا افتتاح اور شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے پانچویں کا نووکیشن سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن