• news

کراچی شپ یارڈ میں بحریہ کیلئے تعمیر 2 لینڈنگ کرافٹ حوالے کرنے کی تقریب

کراچی (اے پی پی)کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے 2 لینڈنگ کرافٹ (میکنائزڈ) کی حوالگی کی تقریب پیر کوکراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی رئر ایڈمرل سید امداد امام جعفری ہلال امتیاز (ملٹری)، کمانڈر لاجسٹک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ میں شامل ہونے والے ان دو جہازوں سے اس کی افرادی قوت اور سامان کی ترسیل کے نظام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ نے حالیہ سالوں میں بحریہ کیلئے متعدد جہاز اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت پائے تکمیل پر پہنچائے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ شپ یارڈ ملکی معیشت، روزگار کے حصول، قومی خزانہ میں ٹیکسوں کی ادائیگی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میںکراچی شپ یارڈ میں ملکی ساختہ جہاز سازی کے مزید ایک اور منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا اور کراچی شپ یارڈ کو چارجدید آبدوزوں کی تعمیر کے تاریخ ساز کام کے حصول پر مبارک باد بھی دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ نے کہا کہ 1976ء شپ یارڈ پاک بحریہ کیلئے 6 عدد لینڈنگ کرافٹ تعمیر کرچکا ہے۔ پچھلے منصوبوں کی نسبت موجودہ لینڈنگ کرافٹ اپنے ڈیزائن اور دیگر الات کی تنصیب کی بدولت خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2016ء کراچی شپ یارڈ کیلئے ایک تاریخ ساز سال ہے جس میں 5 جہازوں کی سٹیل کٹنگ کی جائے گی۔ تقریب میں سرکاری، پاک بحریہ، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن