عالمی برادری شمالی کوریا کو ایٹمی و میزائل تجربات سے روکے: جنوبی کوریا
سیول (جاوید صدیق) جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری شمالی کوریا کو ایٹمی اور میزائل تجربات کرنے سے روکے کیونکہ یہ تجربات صرف کوریا کے لئے نہیں عالمی برادری کیلئے خطرہ ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کا ایٹمی پروگرام 1993 ء میں بے نقاب ہوا تھا۔ اس کے بعد شمالی کوریا جنوبی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے دھمکیاں دیتا رہا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ عالمی برادری کے دباؤ اور چھ ممالک سے مسلسل بات چیت کے بعد ہی شمالی کوریا کیوں ایٹمی ہتھیار تیار کر رہا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ آپ شمالی کوریا سے پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک خطہ ہونا چاہئے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود شمالی کوریا نے حال ہی میں ایٹمی تجربات کئے ہیں۔ وہ جنوبی کوریا اور امریکہ پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔