اقتصادی شعبے میں پاکستان کی نمایاں کارکردگی قابل تعریف ہے: امریکہ، آئی ایم ایف
واشنگٹن (اے پی پی+نمائندہ خصوصی) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے باعث گزشتہ تین سال کے دوران ملکی معیشت میں نمایاں ترقی قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری مائیکل کپلان نے پاکستان کے سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کی سربراہی میں پاکستانی حکام کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ مائیکل کپلان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات لائق تحسین ہیں اور توقع ہے کہ ان اصلاحات اور مالیاتی قواعد و ضوابط کا نفاذ آئی ایم ایف کے پروگرام کی تکمیل کے بعد بھی جاری رہے گا۔ سیکرٹری خزانہ وقار مسعود نے امریکی حکام کو آئی ایم ایف کے پروگرام کی دسویں جائزہ رپورٹ بارے تفصیلات سے آگاہ کیا جس کی آئی ایم ایف کے بورڈ نے منظوری بھی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں تبدیلی لائے بغیر مالیاتی خسارے کو کم سے کم سطح پر رکھنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔گورنر سٹیٹ بینک نے امریکی حکام کو بتایا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 5 فیصد سے کم جبکہ قرضوں پر سود کی شرح 6 فیصد ہے، دونوں اعدادوشمار پچھلے 10 سال کی کم ترین سطح پر ہیں۔دریں اثناء آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹائن لیگارڈز نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔سیکرٹری خزانہ وقار مسعود کی سر براہی میں آئی ایم ایف ورلڈ بنک کے اجلاس میں آئی ایم ایف کی سر براہ نے سیاسی حوالے سے سخت فیصلے کر کے اصلاحاتی عمل جاری رکھنے پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا اصلاحاتی ایجنڈے پر حکومتی عزم سے آج پاکستان خطے کے دیگر ممالک کی طرح ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ اسحق ڈار کی قیادت کو بھی سراہا جن کی سر براہی میں پاکستان مضبوط معاشی پالیسیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سیکرٹری خزانہ وقار سعود نے کہا پاکستان پہلی مرتبہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے قریب ہے اور صرف2جائزے باقی رہ گئے ہیں انہوں نے کہا پاکستان نے افراط زر میں کمی ، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ، شرح سود میں کمی، ترسیلات زد میں اضافہ ، لارج سکیل مینو فیکچر نگ کی بحالی، نجی شعبے میں قرضوں کی فراہمی میں اضافے جیسے میکرو اکنامکس اشاریوں میں بہتری حاصل کی۔