ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیل دوبارہ ویب سائٹ پر ڈالنے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انتخابی اصلاحات کی کمیٹی نے الیکشن کمشن سے کہا ہے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیل دوبارہ ویب سائٹ پر ڈالی جائے، یہ شفافیت کیلئے ضروری ہے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں الیکشن کمشن کی طرف سے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیل ویب سائٹ سے ہٹانے کا نوٹس لیا۔ سیکرٹری ای سی پی نے کہا قانون کے تحت اس طرح کی تفصیل ویب سائٹ پر ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ ارکان نے متفقہ طور پر رائے دی تمام تفصیلات دوبارہ الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر ڈالی جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا یورپی کمشن کے انتخابی فالو آپ مشن نے اپنی حتمی رپورٹ دیدی ہے۔ کمیٹی نے مختلف وجوہات کی بناء پر شناختی کارڈ بلاک ہونے کا بھی نوٹس لیا اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کی جو شناختی کارڈ بلاک ہونے کے بارے میں شکایات کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کریگی۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے انتخابی اصلاحات کی زیلی کمیٹی کی رپورٹ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا یکجا انتخابی قانون اور متعلقہ رولز کا مسودہ تیار کر لیا ہے اور مسودہ پر حتمی نظرثانی ہو رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی تمام ممبران ملک کے انتخابی نظام میں شفافیت لانے کیلئے تجاویز پیش کرتے رہیں گے۔