ننکانہ: بیساکھی میلہ کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں، سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں سے لاہور آ گئے
ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) سکھوں کے مذہبی تہوار میلہ بیساکھی کی تین روزہ تقریبات گزشتہ روز گوردوارہ جنم ستھان میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ بھارت سے آئے 2141 سکھ یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ سے لاہور روانہ کیا گیا جہا ں وہ ڈیرہ گوروداوارہ صاحب میں قیام کے بعد 22 اپریل کو بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ سکھ یاتریوں کو الودع کرنے کیلئے ڈی پی او ننکانہ رانا ایاز سلیم، ڈی ایس پی سرکل شفقت رشید گجر، ڈی سی او کے نمائندوں مبشر ربانی اور اکرم پنوار بھی ریلوے سٹیشن پر موجود تھے۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کو بہترین حفاظتی و صفائی کے انتظامات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں جتنی محبت پاکستانیوں سے ملی ہے وہ تا زندگی یاد رہے گی ۔ ٹرین کی روانگی کے وقت مقامی سکھوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تو ٹرین میں بیٹھے سکھ یاتریوں نے بھی پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ سکھ یاتریوں سردار کالا سنگھ، ہردیو سنگھ، گورمیت سنگھ نے کہا کہ جو پیار ہمیں ننکانہ صاحب کے لوگوں نے دیا ہے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔