• news

گھریلو حالات، جھگڑے، لاہور، شیخوپورہ، رینالہ میں 2 نوجوانوں سمیت 3 افراد کی خودکشی

لاہور/ شیخوپورہ/ رینالہ خورد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) لاہور، شیخوپورہ، رینالہ میں 2 نوجوانوں سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ شالیمار کے علاقہ میں گھریلو حالات سے تنگ 21 سالہ نوجوان نے پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ حالات مشکوک ہونے پر پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہے۔ پولیس کا کہنا اہل خانہ نے کارروائی سے انکار کیا ہے جس پر نعش ان کے حوالے کردی جائیگی۔ معلوم ہوا ہے محمود بوٹی کا شاہد بے روز گار تھا اور پریشانی کا شکار تھا، گذشتہ چند ہفتوں سے بیمار ہونے کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا تھا گذشتہ روز شاہد نے خود کو کمرے میں بند کر لیا۔ اہل خانہ نے کمرے کا دروازہ کھولا تو شاہد کی نعش پھندے سے لٹکی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے متوفی کے والدین نے بیان دیا ہے متوفی نے خودکشی کی ہے۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ کے تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ محلہ رام گڑھا میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے جھگڑنے کے بعد زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ متوفی رانا محمد جمیل کو شبہ تھا اسکی بیوی کے علاقہ کے ایک شخص کے ساتھ مراسم ہیں جس پر دونوں کے درمیان گزشتہ روز جھگڑا ہوا جس پر اس نے بیوی کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں، رینالہ خورد میں انوار شہید کالونی کے یعقوب کے 20 سالہ بیٹے عمردراز کاگھر میں ہی معمولی جھگڑا ہو گیا دلبرداشتہ ہو کر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں۔

ای پیپر-دی نیشن