لاہور، قصور سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن، 66 مشتبہ افراد گرفتار
لاہور + قصور (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، لاہور، قصور، شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 66 مشتبہ افرادکو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ہری پور میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بھر میں مشکوک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے داتا دربار کے گرد و نواح سے چار مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ پولیس نے گزشتہ روز لاہور روڈ پر واقع ایک کمپنی کے اردگرد مختلف دیہات میں سرچ آپریشن کیا آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے 2 موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔ ساہیوال/ سرگودھا سے نامہ نگارکے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران 7 افراد کو گرفتارکر لیا گیا، ادھر انسداد دہشت گردی فورس ہری پور ریجن نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا مبینہ افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ قصور نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق قصور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 افغانی اور47 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تھانہ راجہ جنگ پولیس نے قصبہ راجہ جنگ اور اس سے ملحقہ دیہات میں سرچ آپریشن کیا سرچ آپریشن کے دوران 47 مشتبہ پٹھانوں کو پکڑا گیا جبکہ 2 افغان باشندے بھی گرفتار کر لئے گئے۔