• news

گلگت بلتستان کونسل کے 6 ارکان کا شو آف ہینڈ سے انتخاب، مسلم لیگ (ن) کے 4 ممبر منتخب ، وزیراعظم نواز شریف کی مبارکباد

گلگت + اسلام آباد (آئی این پی) قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے 32 ممبران نے شو آف ہینڈز کے ذریعے جی بی کونسل کے 6 ارکان کا چنائو کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے چار‘ اسلامی تحریک اور آزاد رکن ایک ایک نشست پر کامیاب ہو گئے۔ اسمبلی ہال میں ہونے والے انتخابی عمل میں مسلم لیگ (ن) کے اشرف‘ سلطان علی خان‘ وزیر اخلاق اور ارمان شاہ کامیاب ہوئے۔ اسی طرح اسلامی تحریک کے آغا سید عباس اور آزاد امیدوار سید افضل بھی میدان مار کر کونسل کے رکن منتخب ہو گئے۔ 6 نشستوں کے لئے 12 امیدوار میدان میں تھے۔ تاہم انتخابات کے دوران 7 امیدوار حاضر اور 5 غیر حاضر رہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کونسل کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب ارکان عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی توانائیاں وقف کریں اور عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کریں۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب ارکان اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن