• news

ملکی سالمیت کے لئے بلا امتیاز احتساب ضروری ہے بھر پور حمایت کرینگے :آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے تک قوم کی حمایت سے لڑی جانے والی انسداد دہشت گردی کی جنگ کے نتیجہ میں پائیدار اور دائمی امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔ ملک کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاامتیاز احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اس ضمن میں کسی بھی بامقصد کوشش کی مسلح افواج بھر پور حمایت کریں گی جس سے ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز کوہاٹ میں سگنل ریجمنٹل سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سگنل ایئر چیف میجر جنرل سہیل احمد زیدی کو سگنل کور کے کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔ افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ فوج پوری قوم کی حمایت سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جاری جنگ لڑ رہی ہے لیکن ملک میں اْس وقت تک پائیدار امن اور استحکام نہیں لایا جاسکتا جب تک کرپشن کا جڑ سے خاتمہ نہ ہو جائے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سگنل کور کو آپریشن ضرب عضب میں مواصلاتی تعاون فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے سول اور عسکری جوانوں کی خدمات کو سراہا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آرمی چیف تواتر سے کرپشن اور دہشت گردی کے درمیان تعلق کی نشاندہی کر رہے ہیں اور بارہا اس عزم کا اظہار کر چکے ہیںکہ اس گٹھ جوڑ کو توڑا جائے گا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے خاتمے تک دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ پائیدار امن اور استحکام نہیں لا سکتی، پاکستان کی یکجہتی سالمیت اور خوشحالی کیلئے سب کا احتساب ضروری ہے۔ افسروں، جوانوں اور شہدا ء کے خاندانوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں مواصلاتی مدد کے حوالے سے سگنل کورکا غیر معمولی کردار باعث ستائش ہے۔ انہوں نے دہشتگردوں کو شکست دینے اور انہیں پناہ گاہوں سے نکالنے کیلئے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور سویلینز کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔ قبل ازیں آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بی بی سی کے مطابق جنرل راحیل نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کو ختم کئے بغیر ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں ہے، مسلح افواج ہر سطح پر احتساب کو ممکن بنانے کیلئے اقدامات کی حمایت کریگی۔برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے گزشتہ روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راشد محمود اور اور جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون، سلامتی کی صورتحال اور اس سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن