• news

مردان: ایکسائز دفتر میں خودکش دھماکہ، ایک شخص جاں بحق،17 زخمی

مردان + کرم ایجنسی (نامہ نگاران) مردان میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ منگل کے روز پونے بارہ بجے کے قریب مال روڈ پر واقع ایکسائز آفس میں خودکش حملہ آور جس کی عمر 20 سے 22 سال بیان کی جاتی ہے‘ دفتر کے اندر زبردستی گھس گیا اور داخل ہوتے ہی فائرنگ کھول دی جس سے وہاں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کیلئے ادھر ادھر چھپنے لگے۔ ایکسائز اہلکاروں نے بھی حملہ آور پر فائرنگ کی جس کے دوران اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ شہر کے وسط میں خودکش دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں تاجروں نے کاروباری مراکز بند کر دیئے۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکے میں 10 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ایکسائز آفس میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اپر کرم ایجنسی سرحدی علاقے غوزگڑھی میں ہوا۔ بارودی سرنگ سڑک کے کنارے پہلے سے نصب کی گئی تھی۔ دھماکے سے ایک گاڑی مکمل طورپر تباہ ہو گئی۔ 10 زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کرم کے مطابق منگل کی صبح سات بجے کے قریب علاقہ غوزگڑھی کے رہائشی معمول کے مطابق اپنے کام کاج کیلئے شہر آرہے تھے۔ برساتی نالے کے قریب پہلے سے نصب شدہ بارودی مواد پر ان کی گاڑی ٹکرانے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن