• news

کرپشن کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے: چیئرمین، کاوشیں قابل تحسین ہیں: صدر

اسلام آباد (آئی این پی) صدر ممنون حسین سے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے منگل کو ایوان صدر میں ملاقات کی اور قومی احتساب بیورو کی2015ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ صدر نے قمر زمان چودھری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں قومی احتساب بیورو نے جو کارکردگی دکھائی ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، قومی احتساب بیورو بدعنوان عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپناتے ہوئے بلاتفریق کارروائی کیلئے پرعزم ہے۔ صدر نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسی لعنت ہے جو ملک کو معاشی اعتبار سے نہ صرف کمزور کرتی ہے بلکہ اس کی وجہ سے حقدار کو بھی اس کاحق نہیں ملتا۔ ادھر صدر نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ عام آدمی کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی محتسب سلمان فاروقی سے بات چیت کرتے ہوئے کی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سلمان فاروقی نے اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں سالانہ رپورٹ 2015ء بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب لوگوں کے مسائل کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کی گزشتہ سال کی کارکردگی کو سراہا جس میں 55 ہزار سے زائد شکایات کو مقررہ مدت میں نمٹایا گیا۔ دریں اثناء صدر نے کہا ہے کہ پاکستان آسیان کے ساتھ فل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے حصول کے لئے کوشاں ہے تا کہ آسیان ممالک پاکستان کے ویژن ایسٹ ایشی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سیاسی، تجارتی اور معاشی طور پر مفید تعلقات قائم کیے جا سکیں۔ یہ بات صدر مملکت نے آسیان ممالک کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن