• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، رینالہ: بجلی گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق

لاہور (نامہ نگاران + آن لائن) لاہور، ساہیوال اور رینالہ خورد سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ رینالہ خورد میں آسمانی بجلی گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق ساہیوال میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش کی وجہ سے گندم کی کٹائی تاخیر کا شکار ہو گئی۔ رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیر گڑھ کے نواحی گائوں بونگہ سوڈی وال کے مزدور غلام نبی کا 8 سالہ بیٹا علی حسن بارش کے دوران گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا اچانک آسمانی بجلی گرنے سے شدید زخمی ہو گیا اور دو گھنٹے بعد دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں صبح سویرے چھانے والے سیاہ بادلوں، ٹھنڈی ہوائوں اور رم جھم نے موسم کو سہانا بنا دیا۔ صبح سویرے چلنے والی تیز اور ٹھنڈی ہوائوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور پارکوں میں سیر کے لئے آنے والوں کا مزہ بھی دوبالا کر دیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن