بیساکھی میلے پر آئے سکھوں کی گوردوارہ روہری صاحب، کرتارپور کی یاترا
لاہور + گوجرانوالہ + نارووال + شکر گڑھ (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) شرومنی گورو دوارہ پربندھک کمیٹی امرتسر بھارت سے سیوک جتھہ جودہ گڑھ کے ممبران، سردار سورن سنگھ گل و دیگر نے چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور بیساکھی میلہ کے موقع پر بہترین مہمان نوازی پر شیلڈ پیش کی ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ کے انتظامات و سہولیات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق کا کہنا تھا کہ ہندو اور سکھوں کی خدمت دینی اور آئینی فرض ہے۔ مزید براں بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے یاتری کا سخت سکیورٹی میں گورودوارہ روہری صاحب ایمن آباد اور گورو دوارہ کرتار پور نارووال یاترا کر کے واپس گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچ گئے بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی، عمران گوندل، پی آر او عامر حسین ہاشمی اور سکیورٹی آفیسر یاسر اکرم بھی ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جتھہ لیڈر سردار رگبیر سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے بیساکھی میلہ پرکیے گئے انتظامات قابل تعریف ہیں۔ خاص طور پر سکیورٹی کے اقدامات قابل ستائش ہیں،گورو دوارہ پانچویں اور چھٹی پات شاہی دوبارہ کھولنا ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔بیرون ملک سے آئے یاتری سردار جرنیل سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے گورو دوارے پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں، سکھ یاتری آج دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وساکھی دا تہوار خالصہ دا شنگھار کے موضو ع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے جس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مختلف سکھ رہنما سیمینار سے خطاب کریں گے۔