تحریک انصاف کا جلسہ: اسلام آباد انتظامیہ کو تحریری معاہدہ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (صباح نیوز) وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو تحریک انصاف سے جلسہ کے لئے تحریری معاہدہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق تحریک انصاف کو جلسے کی صورت میں امن وامان ہر صورت یقینی بنانے کی ضمانت دینا ہوگی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے سلسلے میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ہونے والے جلسہ کے لئے تحریری معاہدہ کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان کے مطابق جلسے کے شرکا کو کسی صورت قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائیگا، جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ جلسے کے شرکاء کو ایف نائن پارک تک محدود رکھا جائے گا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرائو کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا، جبکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی ذمہ داری تحریک انصاف پر عائد ہوگی۔ جلسے کے شرکا کو پرامن طور پر منتشر کرنا بھی پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہوگی۔پانامہ لیکس پر متوقع احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے‘ جناح ایونیو چوک سمیت ریڈ زون سے منسلک تمام راستوں پر کنٹینرز لگائے جائیں گے۔ پی ٹی آئی یوم تاسیس کے حوالے سے بھی سکیورٹی پلان تبدیلی کرد یا گیا ہے۔ تحریک انصاف کو ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ شہری وحید محمود خان نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ یاسر محمود چوہدری کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ایف نائن پارک شہریوں کی تفریح کے لئے بنایا گیا ہے‘ سیاسی مقاصد کے استعمال سے اسے روکا جائے۔