پاکستانی پرچم لہرانے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: حافظ سعید
لاہور + سرائے مغل (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا خاتمہ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی ممکن ہے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی سے پہلے جو سازشیں کی گئیں آج وہ بلوچستان میں کی جارہی ہیں، قیام پاکستان کی طرح آج بھی نظریہ پاکستان کے دفاع کی تحریک کو گلی محلے کی سطح پر منظم کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان مکمل نہیں، پاکستانی پرچم لہرانے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مرکز القادسیہ میں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری، لسانیت اور صوبائیت پرستی پھیلانے میں بھارت بہت زیادہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے۔ دشمن کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم کو ایک بار پھر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ سری نگر سمیت پورے کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔ کشمیری نظریہ پاکستان میں ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیرونی قوتیں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اوردہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلاناچاہتی ہیں۔ نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب آپ اسلام پر اکٹھے ہوں گے تو سب لڑائی جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔ دریں اثناء جماعت الدعواۃ کے امیر حافظ سعید نے سرائے مغل کے نواحی گائوں پڈھانہ چک 45میںکشمیر میں شہید ہونے والے دو نوجوانوںمحمد عدنان اور محمد سفیان کی غائبانہ نماز جنازہ میں شریک ہونے والے ہزاروںافراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت ہمارے دریائوں پر بند باندھ کر پانی بند کر کے آبی جارحیت کر رہا ہے۔ حکومت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرادادوںکے مطابق حل کروائے اورکشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا دلایا جائے۔ را کے ایجنٹ دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف تلوار اُٹھانا اور دہشت گردی کرنا جہاد نہیں ہے۔ ناموس رسالت کا قانون تبدیل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ مقامی رہنما محمد افضل، چودھری محمد اصغر سمیت علاقے سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔