امن میں بہتری کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاری 70 فیصد کم، چین نے 51 کروڑ ڈالر خرچ کئے
کراچی(این این آئی) ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاری کی صورتحال غیراطمینان بخش ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال اب تک 70فیصد تک کمی ہو چکی ہے جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالے ممالک میں چین سرفہرست ہے اور 9 ماہ کے دوران چین 51 کروڑ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2015 سے مارچ 2016کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 56کروڑ 72لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 1ارب 87کروڑ 26لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 1ارب 30کروڑ 55لاکھ ڈالر یا 69.7 فیصد کم ہے، ان 9 ماہ میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 33.4فیصد کمی سے 91کروڑ 82لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 61 کروڑ 11لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 15فیصد کے اضافے سے 95کروڑ 74لاکھ ڈالر رہی تاہم پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے غیرملکی سرمایہ کاری کے بڑے پیمانے پر انخلا کے سبب براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ناکافی رہا۔اس عرصے کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے پورٹ فولیو انویسٹمنٹ میں سے 34کروڑ 63 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکال لیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 8کروڑ 60لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاور سیکٹر سرفہرست رہا جس میں 47کروڑ 16لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔تھرمل پاور میں 11کروڑ 94 لاکھ ڈالر، ہائیڈل سیکٹر میں 7کروڑ 33لاکھ ڈالر جبکہ کوئلے سے بجلی کے منصوبوں میں 27کروڑ 89لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں پاور سیکٹر میں 13کروڑ 87لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میںغیرملکی سرمایہ کاری 21کروڑ 55لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 22کروڑ 38لاکھ ڈالر ہوگئی۔ الیکٹرونکس مصنوعات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 1 کروڑ 95 لاکھ ڈالر رہی، آٹو موبائلز سیکٹر میں غیرملکی سرمایہ کاری 5کروڑ 53لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 2کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہی۔ علاوہ ازیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کی فہرست میں چین کے سرمایہ کار دنیا کے تمام ممالک پر بازی لے گئے ۔ سٹیٹ بنک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں برس چین کی جانب سے سرمایہ کاری میں دوگنا اضافہ ہوا ہے، نو ماہ میں چین نے 51 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی۔ ماہرین کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چینی سرمایہ کار بہت تیزی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جبکہ مستقبل میں اس میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔