سیالکوٹ: 4 افغان باشندے گرفتار‘ دیر: دہشت گرد کمانڈر پکڑا گیا
سیالکوٹ+ پشاور (نامہ نگار+ بی بی سی) سیالکوٹ میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 4 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ دیربالا میں کالعدم تحریک طالبان کے ایک دہشت گرد کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ غلام نبی چوک میں غلام مصطفی نے اپنے بھٹہ خشت پر گل محمد افغانی کو کام کیلئے رکھا ہوا تھا جس پر پولیس نے گل محمد کو گرفتار کرکے اسکے اور مالک بھٹہ خشت کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثناء پولیس نے چک اختیار سے تین افغانیوں امیر خان، رفیع اللہ اور رحمت اللہ کو بھی بغیر کسی ویزے / پرمٹ کے غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے پر مقدمات درج کئے ہیں۔ ادھر پولیس کے مطابق ولی محمد نامی دہشت گرد کمانڈر کو گذشتہ روز دیر بالا کے دور افتادہ علاقے اوشیرئی تارپتار سے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں مصروف تھی کہ اس دوران کمانڈر کو ایک گھر سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دہشت گرد سر پر حکومت کی جانب سے دس لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ پولیس کے مطابق ولی محمد پولیس کو پانچ مختلف مقدمات میں مطلوب تھا جن میں تین دہشت گردی کے واقعات بھی شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گرد نے چند سال پہلے تھانہ گندئیگار پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔