یورو ایشیا کا خطہ معاشی، سٹریٹجک سطح پر فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے: ایاز صادق
اسلام آباد (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان یورو ایشیائی ریاستوں کی قانون ساز اداروں کے مابین روابط کے فروغ کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں اور تجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے خطہ خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وہ ماسکو میں منعقد ہونے والے پہلے یورو ایشیائی ممالک کے پارلیمان کے سپیکرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سردار ایاز صادق نے خطے میں امن و استحکام کے قیام سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے رکن ممالک کے مابین قریبی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گردی و منشیات فروشی کے خلاف جنگ میں مشترکہ تعاون اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورو ایشیا کا خطہ معاشی، علاقائی اور سٹریٹجک سطح پر فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر طاقت کے توازن اور اسکے زمینی حقائق میں تبدیلی کا عمل جاری ہے جو مستقبل کے معاشی ترقی کی راہ کا تعین کرے گا۔ خطے میں تعاون کے فروغ کے ذریعے دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کے خواب کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستا ن کے کردار کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے اور ملٹری آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کی کمر توڑتے ہوئے کامیابی سے اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے پر امن حل کا خواہاں ہے جو خطے میں امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔